صفحہ اوّل

تیرا کلام، اُردُو زبان کی پہلی اور فی الوقت واحد یونیکورڈ اِن ایبلڈ مسیحی ویب سائٹ ہے جِس کا مقصد اِنفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعےکلامِ اِلٰہی کی تعلِیم کے کام کو سرانجام دینا ہے۔ تیرا کلام کی تخلیق سے پہلے بہت سی انگریزی اور اُردُو کی ویب سائٹز کا بغور جائزہ لِیا گیا ہے تاکہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی اور مُنفرد مسیحی اُردُو ویب سائٹ کی حیثیت سے کلامِ مُقدّس کی مُنادی میں سرگرمِ عمل رہے اور بہتیروں کے لئے مشعلِ راہ ہو۔

الکِتاب

یوں تو اِنٹرنیٹ پر دُنیا کی مُختلِف زبانوں میں آن لائن سرچ ایبل بائبل موجُود ہے لیکن سال ۲۰۰۹ تک اُردُو زبان میں سرچ ایبل بائبل موجُود نہیں تھی مگر اب خُداوند کے فضل سے تیرا کلام پر پہلی سرچ ایبل اُردُو بائبل کو الکِتاب کے نام سے رکھا گیا ہے۔ جِس کی بدولت نہ صِرف اُردُو بائبل کے مُختلِف حوالاجات، الفاظ اور جُملوں کو فوری طور پر آسانی سے تلاش کیا جا سکتا ہے بلکہ آئن لائن رہتے ہوئے اُردو بائبل کا مطالعہ بھی کیا جا سکتا ہے اور یہی نہیں اگر آپ پڑھنا نہیں جانتے تو آپ کے لِئے آڈیو اُردُو بائبل کا بھی اِنتظام کیا گیا ہے۔

سوال و جواب

بعض اوقات ہمیں اپنی روزمرہ زِندگی میں درپیش مسائل سے متعلق کلام پاک کی راہنُمائی درکار ہوتی ہے تو بعض اوقات ہمیں مسیحی عقائد کی بھرپُور آگاہی کے لِئےاپنے سوالات کے جوابات مطلُوب ہوتے ہیں۔ اِسی ضرُورت کے پیشِ نظر تیرا کلام نے سوال و جواب کے نام سے ایک سلسلے کا آغاز کیا ہے جِس کا مقصد کلامِ پاک کی تعلیمات کی روشنی میں قارئین کے سوالات کے محققاً جوابات دینا ہے جبکہ قارئین کو اپنی آزاد مرضی کے مطابِق اِن جوابات کو قبُول یا ردّ کرنے کا پُورا اِختیار حاصِل ہے۔

رُوحانی غِذا

جِس طرح روٹی اِنسان کی جِسمانی نشونُما کے لِئے ضرُوری ہے اِسی طرح کلامِ اِلٰہی اِنسان کی رُوحانی نشونُما کے لِئے بے حد ضرُوری ہے۔ اِس ضرُورت کے پیشِ نظر تیرا کلام پر رُوحانی غِذا کے نام سے اُردُو بائبل ڈیوشن کے ایک سِلسلے کا آغاز کیا جا رہا ہے جو قارئین کی روزمرہ روحانی ضرورت کے ساتھ ساتھ اُن کے اِیمان کی افزایش کے لِئے تشکیل دیا گیا ہے۔ اِس سلسلے میں پیش کئے جانے والے تمام ڈیوشنز کلام پاک کی آیت پر مبنی ہونگے

تبادلہء خیال

تیرا کلام نے تبادلہء خیال کے نام سے کلامِ پاک کی تعلیمات پر مبنی ایک مکالماتی پروگرام کو ترتیب دِیا ہے جِس کا مقصد دو لوگوں کی تعمیری گفتگو کے ذریعے زیرِ غور آنے والے ایک اہم عنوان کے ہر پہلو اور اُس سے متعلق نظریات اور سوالات کو زیر بحث لاکر قارئین کو اِس کی مکمل آگاہی بخشنا ہے۔ ہم پُراُمید ہیں کہ اِس طرز تعلیم کے ذریعے قارئین میں کلام مُقدّس کے مطالعہ کو فروغ حاصِل ہو گا۔

حمد و سِتایش

مسیحیت میں موسیقی کا مقصد خُداوند یسوع المسیح کی حمد و سِتایش ہے؛ ایسی حمد و سِتایش جو رُوح اور سچائی سے بھرپُور ہو کر کی جائے، پس اِسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے تیرا کلام نے حمد و سِتایش کے نام سے زبُوروں اور مسیحی گیتوں پر مبنی ایک ڈیٹابیس تشکیل دیا ہے جہاں کثیر تعداد میں مسیحی نغمات کو آڈیو اور تحریری دونوں صُورتوں میں رکھا گیا ہے تاکہ ہر ایک مسیحی پاک رُوح کی قوّت سے بھرپُور ہوکر خُداوند یسوع المسیح کی تعریف و تمجید کر سکے۔

قامُوس الکِتاب

کلامِ مُقدّس کے طالبِ علموں کو اکثر و بیشتر مُختلِف الفاظ کے معنی دریافت کرنے کے لِئے کلامِ مُقدّس کی لُغت کی ضرُورت رہتی ہے اور چُونکہ اُردُو زبان میں اِس سلسلہ میں بہُت محدُود کام ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ اُردُو زبان میں بائبل کی لُغت دُنیا کہ بیشتر لوگوں کی پہنچ سے دُور ہے پس اِسی لِئے تیرا کلام پر قامُوس الکِتاب کے نام سے ایک آن لائن اُردُو لُغت ترتیب دی گئی ہے جو ہمہ وقت بائبل مُقدّس کے طالب علموں کی مدد اور راہنُمائی کا کام سرانجام دے گی۔

دُعا و مُناجات

دُعا خُدا سے ہم کلام ہونا کا ذریعہ ہے، دُعا میں ہم خُدا کی بیش بہا نعمتوں کی شُکرگذاری کرتے ہیں اور اپنی درخواستیں اُس کے حضُور پیش کرتے ہیں۔ دُعا کی اہمیت کو اُجاگر کرنے کے لِئے تیرا کلام پر دُعا و مُناجات کے نام سے آن لائن اُردُو پریئر فیلوشِپ کا اہتمام کیا گیا ہے جِس کا مقصد ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنا ہے جہاں دُعاگو افراد اِجتماعی طور پر ایسے افراد کے لِئے دُعا کریں جو خُدا کے حُضُور اپنی مُناجات پیش کرنے کے خواہشمند ہیں اور جہاں مقبُول دُعاوَں کی گواہیاں لوگوں پر دُعا کی قوّت کو ظاہر کریں اور اُنہیں اِیمان کی مضبُوطی عنایت ہو۔

تفسیر الکِتاب

اِس حقیقت سے اِنکار کرنا محال و نامُمکِن ہے کہ ہمارے ہاں اُردُو زبان میں بائبل مُقدّس سے مُتعلق تفسیری و توضیحی ادب کی جو کمی ہے وہ ناقابِل بیان ہے۔ ایسی صُورت میں بائبل مُقدّس کی اُردُو تفاسیر کے آن لائن موجُود ہونے کا تصّور کرنا ایک خواب لگتا ہے۔ تیرا کلام شب و روز اِس خواب کی تعبیر کے لِئے کوشاں ہے اور تفسیر الکِتاب کے نام سے بائبل مُقدّس کی تفاسیر کو آن لائن ترتیب دینے میں مشغول ہے۔ تفسیرالکِتاب کا مقصد خُدا تعالٰی کی باتوں کی تشریح کے ذریعے لوگوں کی آنکھوں کو نُور بخشنا ہے۔



گو کہ اس سلسلے کے بیشتر مقرر کردہ اہداف کا حصُول ابھی جاری ہے تو بھی تیرا کلام کے جو اجزا قابِل تشہیر حد تک مُکمل ہو چُکے ہیں اُنہیں اپنے قارئین کی فیضیابی اور رُوحانی ترقی کے لِئے شائع کیا جا رہا ہے۔